بھارتی پولیس نے جھوٹے الزامات کے تحت 10 کشمیریوں کو گرفتار کرلیا
سرینگر08 فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے 10کشمیریوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا جو گزشتہ دو دہائیوں سے اپنی گرفتاری سے بچ رہے تھے جبکہ پولیس کے اس الزام کوگرفتار کشمیریوں کے اہلخانہ نے مسترد کر دیاہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ان 10 افراد کو پلوامہ میں گرفتار کیا گیاہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سخت کوششوں کے بعد خصوصی ٹیم 10مفرور افراد کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی جو گزشتہ دو دہائیوں سے اپنی گرفتاری سے بچ رہے تھے۔حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت منظور گنائی، بشیر گنائی، عزیز بخشی، الزار شیخ، مشتاق لون، جاوید احمد شاہ، عبدالحمید پرے، مشتاق احمد بٹ، عبدالحمید بٹ اورمحمد افضل ملک کے طور پر کی گئی ہے۔تمام زیر حراست افراد کو عدالت میں پیش کیا گیاہے۔گرفتار کشمیریوںکے اہلخانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حراست میں لیے گئے تمام افراد بے گناہ ہیں اور پولیس کا دعویٰ بے بنیاد ہے ۔