جموں میں حکام کو لوگوں کی چھت، روزی روٹی چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی: لال سنگھ
جموں19فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی(ڈی ایس ایس پی)کے چیئرمین چوہدری لال سنگھ نے کہا ہے کہ حکام کو جموں میں لوگوں کی چھت اور روزی روٹی چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چوہدری لال سنگھ نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو قابضین کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جبکہ وہ ایسے نہیں ہیں بلکہ انہیں زمینیں الاٹ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے ریونیو ریکارڈ میں اپنی زمینوں کی گرداوری اور انتقال درج کرائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابقہ بی جے پی حکومت نے جموں میں کئی کالونیوں کو ریگولرائز کرنے کا عمل شروع کیا تھا لیکن اب یہ سراسراس کے برعکس اقدام ہے جو صرف غریب اور بے سہارا لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی اپنی عوامی رابطہ مہم کا اگلا مرحلہ کل کٹھوعہ کے علاقے ہیرا نگرسے شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی طویل عرصے سے سڑکوں پر ہے اور پارٹی کسان دشمن، غریب دشمن، ملازم دشمن اور نوجوان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے مو جودہ حکومت کے خلاف اپنی مہم تیز کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اراضی قوانین اور مسماری کی پالیسی نے درحقیقت عام لوگوں میں نفسیاتی خوف پیدا کر دیا ہے اور پارٹی اس کا مقابلہ کرے گی ۔