ایمپلائیزموومنٹ کی مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر اظہار تشویش
سرینگر14اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں وکشمیر ایمپلائز موومنٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اوردیگر حریت رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ حریت چیئرمین کوکشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق،حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روکنے کیلئے مختلف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں ملوث کر کے مسلسل غیر قانونی طورپر نظربند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر جھوٹے مقدمات میں مسرت عالم بت کو بری کیاجاچکا ہے تاہم چند ایک مقدمات میں قابض حکام ان کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے تاخیری ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں ۔انہوں نے واضح کیاکہ بھارت گرفتاریوں اورمسلسل غیر قانونی نظربندی کے ذریعے حریت رہنمائوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پرعالمی برادری بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم میں اٹھائے۔ ترجمان نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے عالمی اصولوں، انصاف اور قانون کی حکمرانی کی روح کے منافی اوربنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قراردیا۔انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی گرفتاریوں کا جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کرنے والوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے۔ایمپلائیز موومنٹ کے ترجمان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری حریت پسندوں کی فوری رہائی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔