کشمیری عوام بھارتی حکومت کے نئے قوانین کخلاف مزاحمت کریں، محبوبہ مفتی
سرینگر07 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نافذ کیے جانے والے نئے قوانین کیخلاف مزاحمت کرنی چاہیے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے بیج بہاڑہ میں اپنے والد اور پی ڈی پی کے بانی مفتی سعید کی چھٹی برسی کے موقع پر ان کی قبر پر فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر عوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی زمین غیر کشمیریوں کو دینے کے مودی حکومت کے اقدام کے خلاف متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو چاہے متحد ہوجانا چاہیے وہ ڈوگرے ، بکروال ، پہاڑی یا گجر جو بھی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اگراب بھی نہیں جاگے تو ایسے حالات بنادیے جائیں گے کہ مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کیلئے کوئی جگہ نہیں بچے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے ہمیں بھارتی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا اور ہمیںہمت نہیں ہارنی ۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ وہ مودی حکومت سے اپنی شناخت کی سود سمیت واپسی تک اپنی جدوجہدجاری رکھیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر تنازعہ کشمیر کے حل پر بھی زوردیا۔پی ڈی پی کارکنوں کی بڑی تعدادبیج بہاڑہ میں موجود تھی جنہوں نے قابض حکام کی طرف سے انہیں مفتی سعید کی قبر پرجانے کیلئے قبرستان میں داخل ہونے کی اجاز ت نہ دینے کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ کیا۔مظاہرے کی قیادت محبوبہ مفتی نے کی ۔مظاہرین نے قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کئے۔
ادھر پی ڈی پی لیڈر نعیم اختر نے بیج بہاڑہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قابض حکام پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں سے خوفزدہ ہیں اور اسی لئے وہ پی ڈی پی کو سیاسی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیںدے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام ان سے غلاموں جیسا سلوک کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان کے غلام نہیں ہیںبلکہ ہم کشمیر کے مکمل حقوق کے حامل شہری ہیں۔