کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا زکورہ ،ٹینگ پورہ قتل عام کے شہدا ء کو خراج عقیدت
اسلام آبادیکم مارچ(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے زکورہ اور ٹینگ پورہ قتل عام کے شہدا ء کو آج ان کی 33 ویں برسی پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 1990میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقوں زکورہ اور ٹینگ پورہ میں بھارتی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے 50سے زائد بے گناہ شہریوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے کنوینر محمود احمد ساغر کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر دنیا کے ہر فورم پر مرکز نگاہ بنا ہواہے۔حریت رہنمائوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کو حل کرے۔اجلاس میںشہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
پاسبان حریت جموں وکشمیر نے بھی زکورہ اور ٹینگ پورہ قتل عام کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قتل عام میں ملوث بھارتی فوجیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیاہے۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمد غزالی نے مظفرآباد میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ زکورہ ٹینگ پورہ سمیت قتل عام کے تمام واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف کارروائی کرے۔