بھارتی انتظامیہ نے کشمیریوں کوتاریک ترین دور میں دھکیل دیا ہے، نیشنل کانفرنس
جموں 03 مارچ (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے بجلی ، پانی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو تاریک ترین دور میں دھکیل دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے رہنما رتن لال گپتا نے جموں میں پارٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جموں اورسانبہ اضلاع میں کٹرول لائن کے قریب واقع علاقوں کے لوگ بجلی ، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کے مسائل و مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔جموں و سانبہ اضلاع کے پارٹی صدر نریش بٹو اور سداگر چند گپتا نے اجلاس کے دوران کہا کہ سہولیات کے فقدان کیوجہ سے لولوں کی زندگی اجیرن ہے اور انہیںپانی اور بجلی کے بدترین بحران کاسامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے کشمیریوں کو تاریک ترین دور میں دھکیل دیا ہے۔