بھارت

بھارتی سیاست دان کپل سبل کا بی جے پی کی ناانصافیوں کے خلاف ویب سائٹ شروع کرنے کا اعلان

نئی دلی05 مارچ (کے ایم ایس)
معروف بھارتی قانون دان ، کانگریس کے سابق رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے ملک میں جاری بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) حکومت کی ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے ” انصاف کا سپاہی“ کے نام سے ایک ویب سائٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کپل سبل نے تمام غیر بی جے پی وزرائے اعلیٰ اور حزب اختلاف کے رہنماﺅں سمیت عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس کام میں ان کاساتھ دیں۔ انہوں نے نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس سلسلے میں گیارہ مارچ کو نئی دلی کے جنتر منتر پر ایک اجلاس بھی منعقد کیا جائے گاجس میں عا م لوگوں کے ساتھ ساتھ حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماﺅں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ ”انصاف کا سپاہی“ ایک قومی سطح کا فورم ہو گا جس میں وکلا ءسب سے آگے ہونگے۔ کپل سبل نے کہا کہ آرایس ایس ہر طرف اپنے نظر یے کا پرچار کر رہی ہے جس سے ناانصافی جنم لے رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم اس ناانصافی کا مقابلہ کریں گے۔
کپل سبل نے مزید کہا کہ اس وقت بھارت میں عام شہریوں، اپوزیشن جماعتوں ، اساتذہ، صحافیوں، چھوٹے تاجروں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور ہمار ا یہ پلیٹ فارم سب کے لیے ہوگا جوسب کے مفادات کی جنگ لڑے گا اور اپنی آواز بلند کرے گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button