گرفتار

نوکری کے خواہشمنداحتجاجی مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت

جموں09مارچ(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سیاسی رہنمائوں نے تحریری امتحانات کے انعقاد کے لیے سروسز سلیکشن بورڈ کی طرف سے ایک بلیک لسٹڈ بھارتی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے جموں میں نوکری کے خواہشمنداحتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور بڑی تعداد میں مظاہرین کو گرفتارکر لیا۔ مظاہرین جموں شہر کے وسط میں واقع ڈوگرہ چوک کے باہر جمع ہوئے اور مارچ نکالنے کی کوشش کی لیکن پولیس حرکت میں آگئی اور لاٹھی چارج کیا اور متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ مظاہرین نے ممبئی میں قائم کمپنی APTECH لمیٹڈ کی خدمات حاصل کرنے پر سروسز سلیکشن بورڈکے خلاف نعرے لگائے۔ APTECHکو 2019میں امتحانات کرانے کے لیے بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔ اسی طرح کے مظاہرے ڈوڈہ، بھدرواہ، راجوری اور جموں کے دیگر علاقوں میں بھی کیے گئے۔ اس کے علاوہ سرینگر کے پریس انکلیو میں بھی ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین ”اپٹیک واپس جائو” اور”ہم انصاف چاہتے ہیں”جیسے نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرین نے کہاکہ وہ ایک امتحان لے رہے ہیں اور پھر اسے منسوخ کر دیتے ہیں،ہمیں ایک ہی امتحان کتنی باردینا پڑے گا۔
دریں اثناء پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے شوپیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بہت سے بے روزگار نوجوان سرینگر اور جموں میں احتجاج کررہے ہیں۔ ان پر لاٹھی چارج کیا گیا اور میں اس کی شدیدمذمت کرتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ کیا یہ ان کا قصور ہے؟انہوںنے کہاکہ وہ بی جے پی حکومت سے پوچھنا چاہتی ہیں کہ ان نوجوانوںکے مستقبل کے ساتھ کیوں کھلواڑ کیاجا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس بنیاد پر اور کس کے کہنے پرایک بلیک لسٹڈکمپنی کو یہاں بھرتی کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے طلبا ء اور نوکری کے خواہشمند افراد کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال اور لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹس میںکہا کہ ملازمت کے خواہشمند یہ نوجوان بلیک لسٹڈ فرم کی خدمات حاصل کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے کااپنا جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے معاہدے کی فوری منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا یہ اور بھی خطرناک ہے کیونکہ اس سے متعدد امیدواروں کے مستقبل کو خطرہ لاحق ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کے کارگزار صدر رمن بھلہ نے پولیس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ APTECHکمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ یہ پہلے ہی بلیک لسٹڈ ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button