پاکستان

اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد ایک اہم پیشرفت ہے ،ڈاکٹر فائی

واشنگٹن 11 مارچ (کے ایم ایس) واشنگٹن میں قائم” ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس “کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد ایک اہم پیش رفت ہے۔
15 مارچ 2022 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی تھی جوپاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے پیش کی تھی۔ قرار داد میں 15 مارچ کو ”اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن“ قرار دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز (جمعہ ) کو اس حوالے سے اقوام متحدہ میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کے خلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ تقریب سے دیگر کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس ور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سCsaba Korösiنے بھی خطاب کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہم طحہٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کیا۔
کانفرنس کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام امن، اعتدال، رواداری کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں عوام میں محبت پھیلانے کا درس دیتا ہے۔ وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئے اور سوشل میڈیا پر اسلام مخالف چیزوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کاسابا کوروسی نے کہا کہ امن کے فروغ کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، شدت پسندی کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، مذہب کی بیناد پر کسی کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سے رنگ اور نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے۔ جنرل اسمبلی کے صدر نے کہا کہ ہمیں نفرت پھیلانے والی تقریروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، باہمی احترام سے ہی کسی کے دل میں جگہ بنائی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ دعویٰ غلط نہیں ہوگا کہ مغربی دنیا میں اس وقت بہت سے لوگ اسلام سے خوف کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ تاہم یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ اسلام کیوجہ سے دنیا کو کوئی خطر ہ نہیں ہے اور یہ سار ا معاملہ تصوراتی ہے۔
ڈاکٹر فائی نے اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے واضح پیغام میں کہاکہ آئیے ہم تعصب اور تشدد کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں، آئیے ہم اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں کہ اگلی بار جب ہم اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے لیے جمع ہوں تو ہماری دنیا اس سے کہیں زیادہ پرامن، روادار اور انصاف پسند ہو۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button