پاکستان کا سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر لانے کا خیر مقدم
اسلام آباد 12مارچ(کے ایم ایس)پاکستان نے عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کا خیرمقدم کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان کو پختہ یقین ہے کہ یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔بیان میں کہاگیا ہم اس تاریخی معاہدے کو عمل میںلانے میں چین کی دور اندیش قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں جو تعمیری مذاکرات اور بامعنی بات چیت کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم اس مثبت پیش رفت پر مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کی دانشمند قیادت کو سراہتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان خلیج کو پر کرنے کے لیے مسلسل تعاون اور ہم آہنگی کی کوششوں کی تاریخ کے ساتھ پاکستان مشرق وسطی اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہمیں امید ہے کہ یہ مثبت قدم علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کے لیے ایک سمت متعین کرے گا۔