پاکستان

بھارتی فوج کی بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں ، کور کمانڈرز کانفرنس

مقبوضہ جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم پر اظہار تشویش

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کی غیر انسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں جنکا موثر اور مناسب جواب دیا جائے گا۔”آئی ایس پی آر“ نے اپنی ایک پریس ریلیز میںکہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاعِ وطن کے لیے اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں اور جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔کانفرنس میں خطے کی موجودہ صورتحال بالخصوص پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی سلامتی کا جامع جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔
کانفرنس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ وارانہ مہارت، ثابت قدمی، حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔آرمی چیف نے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔ انہوں نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے اور فعال تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ کانفرنس کے شرکا نے بھارت کی جانب سے سیاسی اور فوجی مقاصد کے حصول کے لیے مستقل طور پر گھڑے جانے والے بیانیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اندرونی انتظامی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے بھارت پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ان اندرونی مسائل کو ہمیشہ سے بیرونی رنگ دیتا رہا ہے۔ شرکائے کانفرنس کا کہنا تھا کہ بھارت یکطرفہ چالوں سے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے، جیسا کہ 2019 میں دیکھا گیا، جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370کی منسوخی کے ذریعے ’اسٹیٹس کو‘ کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کے لیے پہلے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا۔شرکائے کانفرنس نے مزید کہا کہ پہلگام کے حالیہ واقعے کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں اور اقتصادی بحالی کے لیے جاری کوششوں سے ہٹانا ہے کیونکہ ان دو عوامل میں پاکستان فیصلہ کن اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے تاہم بھارت کو ان مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی دہشتگرد پراکسیوں کو فعال کرنے میں ناکامی اٹھانی پڑے گی۔
شرکائے کانفرنس نے انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچا کر پاکستان کے قانونی اور بنیادی آبی حقوق کو غضب کرنے کے درپے ہے، بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہاءخطرناک ہے کیونکہ اس سے نا صرف پاکستان کی 24 کروڑ آبادی متاثر ہو گی بلکہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔
شرکا کانفرنس نے پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں براہ راست بھارتی فوج اور انٹیلی جنس کے ملوث ہونے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔شرکائے کانفرنس کا کہنا تھا کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ناقابلِ قبول ہے۔ کو ر کمانڈر کانفرنس نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا، اور پاکستان کے امن اور ترقی کا راستہ کسی بھی بلاواسطہ یا پراکسیز کے ذریعے پھیلائی جانے والی دہشتگردی، جبر یا جارحیت سے نہیں روکا جاسکتا۔
شرکا کانفرنس کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر عدم استحکام کی کوششوں کو قومی عزم اور واضح اقدامات سے شکست دی جائے گی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر ملک کے دفاع کے لیے کی جانے والی آپریشنل تیاریوںپر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button