مقبوضہ جموں وکشمیر:سڑک کے مختلف حادثات میں چار افرادکی موت
سرینگر13مارچ(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مختلف سڑک حادثات میں کم از کم چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل فاروق احمد ناشری ٹنل کے قریب نرسو کے علاقے میں بس کی زد میں آکر زخمی ہوگیااور جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ جموں کے علاقے بیرپورمیں امپیریل ریزورٹ داتا تالاب کے قریب ایک74سالہ شخص بشیر احمدکو ایک ٹرک نے ٹکر مارکر زخمی کردیا جوبعد میں جی ایم سی جموں میں دم توڑگیا ۔ ایک اور شخص جس کی شناخت50سالہ درشن کمارکے نام سے ہوئی ہے، موٹر سائیکل پر سوارتھا اورایک گاڑی نے اس کوٹکر مارکرزخمی کردیا جوبعدمیں جموں کے اسی ہسپتال میں چل بسا۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میں وترگام کے مقام پر ایک 23سالہ نوجوان مصعب احمد بٹ اس وقت جاں بحق اوراس کا ساتھی 21 سالہ رشیب ظہور شدید زخمی ہو گیا جب وہ موٹرسائیکل پر سوارتھے اورایک درخت سے ٹکراگئے۔
دریں اثناء جموں کے علاقے بڑی برہمنہ میں ایک موٹرسائیکل کوایک ٹمپو نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں 52سالہ راجیش گپتااور اس کی41سالہ بیوی گیتو گپتا زخمی ہوگئے۔
ادھراتوار کی شام سرینگر جموں ہائی وے پر رامبن کے علاقے میہڑ کے مقام پر ایک ٹرک دریائے چناب میں گرنے سے ڈرائیور لاپتہ ہو گیاہے۔