چھٹی سنگھ پورہ قتل عام تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش تھی
اسلام آباد20مارچ(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ چھٹی سنگھ پورہ قتل عام تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی ایک گھنائونی بھارتی سازش تھی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینرمحمود احمد ساغر نے چھٹی سنگھ پورہ میں سکھوں کے قتل عام کی 23ویں برسی کے موقع پر اسلام آباد میں جاری ایک بیان میںکہا کہ بھارتی ایجنسیوں نے یہ قتل عام تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے اور دنیا کو یہ تاثردینے کے لئے کیاتھا کہ یہ کارروائی پاکستان کی ایماپرکشمیری مجاہدین نے کی ہے۔ تاہم بھارتی پروپیگنڈا ناکام رہا اور دنیا کویہ بات سمجھ آگئی کہ بھارت اپنے مذموم منصوبوں کی تکمیل کے لئے کیا کچھ کرسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسیوںنے25مارچ کو قتل عام کے پانچ دن بعد کئی بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر کے ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا اور ان پر غیر ملکی عسکریت پسندہونے کا الزام لگاکر35 سکھوں کے قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ لیکن تحقیقات سے بھارت کارچایا گیا ڈرامہ بے نقاب ہو گیا اور یہ ثابت ہو گیا کہ بھارتی فوج نے اپنے گھنائونے جرم کو چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو گولیوں سے بھون ڈالا۔ محمود ساغر نے افسوس کا اظہارکیا کہ بھارتی پنجاب میں اس وقت بھی سکھ بھائیوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور کشمیر یوں سے بہتر سکھ بھائیوں کے درد کو کوئی نہیں سمجھ سکتا کیوںکہ ہم بھی گزشتہ 75سال سے بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنماامتیاز وانی اور ڈیمو کریٹک حریت فرنٹ نے کسی بین الاقوامی ادارے کے ذریعے چھٹی سنگھ پورہ قتل عام کی تحقیقات کرانے اورمجرموں کو قرارواقعی سزادینے کا مطالبہ کیا