اسلام آباد:
بھارت کے یوم آزادی کویوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
سیاہ جھنڈے اٹھائے مظاہرے کے شرکاء نے ”گو انڈیا گو بیک ،ہم کیاچاہتے آزادی، اقوام متحدہ جاگ جائواور کشمیر عالمی برادری کی توجہ کا متقاضی ہے ”جیسے نعرے بلند کئے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 76 سال سے آزادی اور بھارتی جبر کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور بھارت سے مکمل آزادی تک وہ اپنی جدوجہد جاری رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ اگر بھارتی فوج کو ایک مقبوضہ علاقے سے نکلنا پڑے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ پورے جنوبی ایشیاء کے خطے میں مستقل امن قائم ہو سکے۔ اس موقع پرکشمیری حریت رہنمائوں محمود احمد ساغر، غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، حسن البنا، زاہد صفی ، امتیاز وانی، مشتاق احمد بٹ، سید اعجاز رحمانی، الطاف احمد بٹ، یوسف دائودزئی ، محمد سلطان بٹ، نثار مرزا، محمد حسین خطیب، خادم حسین، عدیل مشتاق وانی، شیخ مجید، محمد اشرف ڈار، گلشن احمد، سید مشتاق احمد، عبدالمجیب، زاہد اشرف، افسر چوہدری، ڈائریکٹر لبریشن سیل، خان افسر خان، اور نجیب اللہ اور دیگر موجود تھے۔