مقبوضہ جموں و کشمیر
سکھ نوجوان پر پولیس کے تشدد کے خلاف کٹھوعہ میں احتجاجی مظاہرہ
جموں 21 مارچ(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ایک سکھ نوجوان پر پولیس کے تشدد کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاج کیا۔
مظاہرین نے ضلع کے علاقے مارہین سنگی موڑ میں پولیس کی طرف سے کبڈی کے کھلاڑی جیون سنگھ کو ہراساں کرنے کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی۔سنگی موڑ پر مقامی لوگوں کے دھرنے کے باعث سڑک دو گھنٹے تک بلاک رہی جس سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی نے ایک ناکے پر کبڈی کے کھلاڑی جیون سنگھ کو تھپڑ مارا اور اس سے سخت پوچھ گچھ کی۔ پوچھ گچھ کے دوران پولیس افسر نے نوجوان کوتشدد کا نشانہ بنایا ۔واقعے کے خلاف لوگوں نے مشعل ہو کر علاقے میں پولیس کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے ۔