مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادی کا تناسب بگاڑنے کے بھارت کے مذموم عزائم کی مذمت
اسلام آباد19اکتوبر (کے ایم ایس )
حریت آزاد جموں و کشمیر کے رہنما شیخ یعقوب نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے مذموم عزائم اور نہتے کشمیریوں کے خلاف مسلسل جاری وحشیانہ بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیخ یعقوب نے اسلام آبادسے جاری ایک بیان میں پورے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور ریاستی دہشت گردی پر تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے بھارت کی پالیسیوں کو سامراجی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوںاور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے غیر کشمیری ہندوئوں کو مقبوضہ علاقے میںآباد کر رہا ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ قابض بھارتی فورسز پورے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور جعلی مقابلوں کے دوران نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کو عالمی برادری سے چھپانے کیلئے مقبوضہ علاقے کا ڈیجیٹل لاک ڈائون کیاگیا ہے ۔ حریت آزاد جموں و کشمیر کے رہنما نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوںکا قتل عام بند کرانے اور تنازعہ کشمیر کے مذاکرات کے ذریعے پائیدار حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔
ادھرجموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے وائس چیئرمین امتیاز وانی نے ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت نے عید میلاد النبی ۖکے موقع پر بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے ۔