گاندھی جی کی پہچان اور وراثت نے بی جے پی ،آر ایس ایس کو ہمیشہ پریشان کیا ہے،تشار گاندھی
نئی دہلی07ُٓاپریل ( کے ایم ایس )موہن داس کرم چند گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی نے کہا ہے کہ گاندھی جی کی پہچان اور وراثت نے بی جے پی اورآر ایس ایس کو ہمیشہ پریشان کیا ہے۔
تشار گاندھی نے انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ این سی ای آر ٹی کی نصابی کتب سے گاندھی جی کے بارے میں مواد کو ہٹائے جانے پر بالکل حیران نہیں ہیں اور مجھے اندیشہ ہے کہ ایسی مزید کوششیں کی جائیں گی۔
تشار گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اس طرح کی کارروائیوں کے ذریعے سنگھ پریوار کی غلط معلومات کی مہم کو مقبول بنانا چاہتی ہے۔یا د رہے کہ بھارت میں نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) نے 12ویں کلاس کی تاریخ کی کتاب سمیت مختلف کلاسوں کے لئے نصاب میں ترمیم کرتے ہوئے مغل سلطنت کے ابواب کو ہٹا دیا ہے جبکہ بارھوین جماعت ہی کی سیاسیات اور تاریخ کی کتب سے موہن داس گاندھی، ان کے قاتل ناتھورام گوڈسے اور آر ایس ایس پر 1948 میں لگی پابندی سے متعلق مواد کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔حزب اختلاف کی بھارتی جماعتوں نے اس اقدام پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس تاریخ کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے جس سے اسے تکلیف ہوتی ہے۔
تشار گاندھی نے کہا کہ میں سنگھ پریوار کی طرف سے تاریخ کو مٹانے کی اس کوشش سے حیران نہیں ہوں کیونکہ اس نے تاریخ کو دوبارہ لکھنے اور اسے کو بدنام کرنے کے اپنے ارادے کو کبھی خفیہ نہیں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس گاندھی کی وراثت سے اس حد تک پریشان ہیں کہ انہوں نے اقتدار ملتے ہی تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا فیصلہ کیا۔