مقبوضہ کشمیر : اردو کی درسی کتب میں قابل اعتراض مواد کی موجودگی کا انکشاف
سرینگر17 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی ایک کمیٹی نے قابل اعتراض مواد کی وجہ سے پانچویں اور تیسری جماعت کی اردو کی درسی کتب پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیٹی نے جسے مقبوضہ علاقے میںنصاب تعلیم کی جانچ پڑتال کا کام سونپا گیا تھااپنی رپورٹ میں کہاہے کہ فرینکلن انٹرنیشنل، نئی دلی کی طرف سے شائع کی جانیوالی اردوکی کتابوںمیں قابل اعتراض مواد کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق کتابوں میں قابل اعتراض خاکے شائع کئے گئے ہیں جوکہ اسلام مخالف ہیں ۔ ماہرین کی کمیٹی کے چیئرمین خورشید بسمل نے کہا کہ ہم نے ان کتابوں کو نصاب سے فوری طور پر ہٹانے کی سفارش کی ہے۔کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے ان کتابوں کو فوری طورپر نصاب سے نکالنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔