بھارت میں تحقیقاتی ادارے ”ای ڈی اور سی بی آئی” محض کٹھ پتلیاں بن کر رہ گئی ہیں
حیدر آباد 14اپریل(کے ایم ایس)
بھارت راشٹرا سمیتی کے ورکنگ صدر کے ٹی راما رائو نے کہا ہے کہ تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن بھارت میں محض کٹھ پتلیاں بن کر رہ گئی ہیں۔
کے ٹی راما رائونے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرپشن کے بارے میں بلند و بانگ دعوے کر رہے ہیں جوکہ بہت آسان ہیں۔لیکن جب کرناٹک اور اڈانی اسکینڈل میں بی جے پی حکومت کے کمیشن اور ملوث ہونے کی بات آتی ہے، تو انسداد بدعنوانی کے بارے میں بھاشن اور قواعد ان پرلاگو نہیں ہوتے ۔بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے ایک انٹرویو میں الزام لگایا تھا کہ آر ایس ایس رہنما رام مادھو نے ایک فائل کو کلیئر کرنے کے لیے لابنگ کی کوشش کی جس میں 300کروڑ روپے کی کک بیک شامل تھی۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے بی جے پی کے لیڈروں کو نشانہ بنایا جنہوں نے تلنگانہ ایس ایس سی پیپر لیک کیس میں ایک ملزم کو ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مبارکباد دی تھی۔بی آر ایس لیڈر نے بی جے پی لیڈروں کی ایک تصویر پوسٹ کی جو اس کیس میں ملزم نمبر دو کو مبارکباد دے رہے ہیں۔ تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن بندی سنجے کمار کو مقدمے میں ملزم نمبر ایک کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور وہ بھی ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔بی آر ایس لیڈر نے بی جے پی کے لوگوں کی تصاویر بھی پوسٹ کیں جو گھنائونے جرائم کے ملزمین کو مبارکباد دیتے ہیں۔