انسانی حقوق

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی حکومت کی بڑھتی ہوئی فسطائیت پر دنیا کی خاموشی کی مذمت

9ab794db-926c-44b6-a337-6a1421538be6 (1)اسلام آباد16اپریل(کے ایم ایس)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی حکومت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی جیل میں نظربند حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف دنیا متحد ہوگئی اورایکدوسرے کے ساتھ ہاتھ ملایا لیکن بھارت کی فسطائی حکومت کی غیر انسانی پالیسیوں پردنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں زندہ رہنے کے حق سمیت لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بن کر اس صورتحال کو دیکھ رہی ہیں۔ مشعال ملک نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کی بے حسی اور غیرمناسب رویے کی مذمت کی جسے دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل اور سب سے بڑے ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے شوہرسمیت نظربند حریت رہنمائوں کو خراج تحسین پیش کیاجنہیں تحریک آزادی کو کمزور کرنے کے لیے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں پھنسایا گیا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قابض فورسز نے وادی کو اس کے باشندوں کے لیے جہنم میں تبدیل کر دیا ہے لیکن عالمی برادری پھر بھی خاموش ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button