مقبوضہ وادی کشمیر : بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے سنگین رخ اختیار کر لیا
سرینگر 23اکتوبر ( کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے سنگین رخ اختیار کر لیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پوری مقبوضہ وادی کشمیر میں گراں بازاری ، لوٹ کھسوٹ ، لاقانونیت اور من مانیاں عروج پر ہیں اور ہر ہفتے کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے غریب طبقے کو دو وقت کی روٹی بھی نصیب نہیں ہو پارہی ہے۔علاقے میں کسی بھی جگہ قیمتوں کی اعتدال پر رکھنے کیلئے کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی اور قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو راحت پہچانے کیلئے اقدامات کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا ۔بنیادی سہولیات پینے کا پانی، بجلی وغیرہ کی عدم دستیابی نے بھی لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔سورج غروب ہوتے ہی وادی کے اکثر علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ، پینے کے پانی کی قلت روز بہ روز بڑھتی جار ہی ہے ۔ لوگو ں کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کا پانی حاصل کرنا پڑتاہے۔طبی سہولیات کے فقدان نے بھی وادی کشمیر کو بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔