ادھم پور میں گولیوں سے چھلنی دو پولیس اہلکار وں کی لاشیں برآمد
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں تعینات بھارتی فورسز اہلکاروں میں پائے جانے والے ذہنی تنائو کے باعث بڑھتے ہوئے باہمی جھگڑے روز کامعمول ہے اورتازہ ترین واقعے میں اتوار کی صبح جموں خطے کے ضلع ادھم پور سے گولیوں سے چھلنی دو پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس اہلکاروں کی لاشیں صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب ضلعی ہیڈ کوارٹر میں کالی ماتا مندر کے قریب کھڑی پولیس وین سے برآمد ہوئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا۔ ایک سینئرپولیس افسرنے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں اہلکاروں نے ایک دوسرے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ واقعے کی اصل وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہیں اور مزیدتفتیش جاری ہے۔ادھم پور پولیس کے مطابق واقعے میں ایک اے کے 47رائفل کا استعمال کیا گیا۔ ایس ایس پی ادھم پور امود اشوک ناگپورے نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار سوپور سے تلوارہ ٹریننگ سنٹر جا رہے تھے۔یہ واقعہ صبح 6.30 بجے پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ثابت ہوا ہے کہ واقعے میں ایک اے کے 47رائفل کا استعمال کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں اورانہیں پوسٹ مارٹم اور دیگرلوازمات کے لیے جی ایم سی ادھم پور منتقل کیا جائے گا۔