سیدعلی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مظفر آباداور باغ میں میںریلیاں نکالی گئیں
مظفر آباد یکم ستمبر (کے ایم ایس) قائد تحریک شہید سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر انہیں ان کی بے مثال جدوجہد اور لازاول قربانیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مظفرآباد اورباغ میں زبردست ریلیاں نکالی گئیں ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام لال چوک اپر اڈہ مظفرآباد میںریلی کی زیر قیادت حریت رہنما مشتاق احمد بٹ ، زاہد صفی، نذیر احمد اوردیگر نے کی ۔ مختلف سیاسی،مذہبی اورسماجی تنظیموں کے علاوہ تحریک شباب المسلمین اسٹوڈنٹس ونگ کے عہدداروں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مقررین نے سالار حریت سید علی گیلانی کو تحریک آزادی کے دورانانکی بے مثال اور لازوال قربانیوں پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے علمبردارہیں اور انہوں نے حق خود اردایت تحریک کے اصولی اور تاریخی موقف پر کوہ ہمالیہ کی مانند ثابت قدم رہتے ہوئے تادم آخر جدوجہد آزادی کی بے مثال قیادت کی۔ بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود سید علی گیلانی کو انکے موقف سے ہٹانے میں کامیاب نہیںہوا ۔ قائد تحریک نے بھارتی پولیس کی حراست ہی میں جام شہادت نوش کیا اوران کی میت سے بھی بھارتی فوجی خوفزدہ تھے اور اسی خوف کی وجہ سے انہیں رات کی تاریکی میں پوری ریاست میں کرفیو لگاکر دفن کیا گیا۔۔مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی عظم و ہمت کے پیکر اور ظلم و استبداد کے خلاف استقامت کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی موجودہ زمانے کے عظیم حریت پسند رہنما تھے۔ انہوں نے عظم و ہمت اور جرات و عزیمت کی عظیم اور بے مثال تاریخ رقم کی۔ کشمیری قوم اپنے قائد کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے اس مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ریلی میں نوجوانوں نے سیدعلی گیلانی اور آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔سید علی گیلانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مظفر اباد میں برہان مظفر وانی شہید چوک میں "جہد مسلسل ریلی” نکالی گئی ۔ ریلی میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر سید علی گیلانی کی تصاویر آویزاں تھیں اور تحریک آزادی اور پاکستان کے حوالے سے ان کے زریں اقوال درج تھے۔ ریلی کے شرکا نے ” گیلانی تیری شہادت سے انقلاب آئے گا اورگیلانی تیرا قافلہ رکا نہیں جھکا نہیں "کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ ریلی کے شرکا سے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں زاہد صفی، مشتاق الاسلام، عثمان علی ہاشم ،راجہ آفتاب احمد،امیر شمشیرخان، شوکت جاوید میر، عظمت حیات کشمیری، محمد یوسف بٹ، محمد نوراللہ قریشی ایڈووکیٹ، چوہدری محمد مشتاق، بلال احمد فاروقی اور دیگر نے خطاب کیااورسید علی گیلانی شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔
ادھرجموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے زیرے اہتمام قائد تحریک سید علی گیلانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے باغ آزاد کشمیر میں ایک ریلی نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران ،چوہدری نظیر حسین خواجہ ایاز عبدالغنی لون چوہدری واحد چوہدری عثمان فاروق چوہدری نے۔ ریلی کے مقرین نے کہاکہ شہید سید علی گیلانی ایک تحریک کا نام ہے جو کہ بھارت سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ قائد تحریک نے اپنی پوری زندگی آزادی کی جدوجہد کی خاطر بھارت کی مختلف جیلوں میں گزاری مگر مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو کبھی قبول نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ سیدعلی گیلانی آخری دم تک ثابت قدم رہے اور گھر میں غیر قانونی نظربندی کے دوران ہی جام شہادت نوش کیا۔