بھارت:”انڈیا“اتحاد کی پارٹیوں کا لوگ سبھا انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان
ممبئی 02ستمبر(کے ایم ایس)
بھارت میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد”انڈیا“نے 2024کے لوک سبھا انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیوالائنس(انڈیا) اتحاد کا تیسرااجلاس ممئی کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوا۔ اجلاس میںمختلف ریاستوں کی سیاسی جماعتوں کے 60سے زائد نمائندے شریک ہوئے ۔اجلاس کے اختتامی سیشن میں حزب اختلاف کے قائدین نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے 2024کے لوک سبھا انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ مختلف ریاستوں میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیا جائے گا اور اسے ”لواور دو “کے باہمی تعاون کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔
اتحاد میں شامل تمام جماعتیں جلد ہی ملک کے مختلف حصوں میں عوامی ریلیاں نکالیں گی۔ اتحاد کا نعرہ”جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا“ہوگا ۔ اس سلسلے میں چودہ رکنی کوآڑڈی نیشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں سینئر رہنما شردپوار، کے سی وینوگوپال ، ایم کے اسٹالن، ہیمنٹ سورین، ابھیشیک بنر جی، سنجے راوت، تیجسوی یادو اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس میں لوک سبھا انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) سے مقابلے کے لیے جنگی بنیادیوں پر تیاری کرنے کا عزم کیا گیا۔