خصوصی دن

کشمیری6نومبر کو یوم شہدائے جموں منائیں گے

1-24سرینگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 6نومبر کو یوم شہدائے جموںاس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ وہ شہداء کے مشن کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خود اراداریت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، بھارتی فوجیوں اور ہند و انتہا پسندوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو شہید کردیاتھا۔ہر سال کشمیری 6نومبر کو یوم شہدء جموں منا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اوردنیا بھر میں یوم شہدائے جموں شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں ۔
ادھر پورے آزاد جموں و کشمیر کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں یوم شہدائے جموں کے موقع پر بھارت مخالف مظاہرے ، سیمینارز اور سمپوزیم منعقد کئے جائیں گے ۔کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف سماجی، سیاسی، مذہبی اور دیگر عوامی نمائندہ تنظیموں کے زیراہتمام خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا۔دن کا آغاز تمام مساجد میں بھارت کے غیر قانونی قبضے سے جموں و کشمیر کی جلد از جلد آزادی اور پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوگا۔مختلف سماجی، سیاسی اور عوامی تنظیموں کے زیراہتمام کشمیری شہدا کی روح کے ایصال ثواب کے لیے مختلف مقامات پر قرآن خوانی بھی کی جائے گی ۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہدائے جموں کے موقع پر کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ علاقے میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button