اقوام متحدہ کا منی پور میں نسلی اقلیتوں کے خلاف انسداد دہشت گردی قوانین کے استعمال پر اظہار تشویش
جنیوا: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے بھارتی ریاست منی پور میں نسلی اقلیتوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کے قوانین کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی کونسل کے 19ماہرین نے جنیوا میں جاری ایک مشترکہ بیان میں بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے تمام قوانین کو ختم کرے جو مذہبی و نسلی اقلیتوں پر ظلم وستم کے حوالے سے اثر انداز ہوتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا یہ بیان بھارت میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں پر مظالم کی تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتا ہے ۔ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی جنتاپارٹی کی فرقہ پرست حکومت کے دور میں بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں پر مظالم میں شدت آئی ہے۔
ریاست منی پور میں رواں برس 3مئی سے بدترین تشدد کی لپیٹ میں ہے ۔ میتی(ہندو) اور کوکی (عیسائی) قبائل کے درمیان لڑائی میں اب تک 2سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ میتیوں نے کوکیوںکے سینکڑوں گرجا گھر مسمار اور نذر آتش کر دیے ہیں۔