APHC-AJK

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کا شیخ تجمل الاسلام کو خراج عقیدت

WhatsApp Image 2023-09-08 at 2.14.30 PM

اسلام آباد 08 ستمبر(کے ایم ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے معروف دانشور، تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹوڈائریکٹر مرحوم شیخ تجمل الاسلام کو کشمیر کاز کیلئے گرانقدر اور بے مثال خدمات پر شاندارخراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے شیخ تجمل اسلام کو دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج اسلام آباد میں اپنے دفتر پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا۔جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔
محمود احمد ساغر نے اس موقع پر کہا کہ شیخ تجمل الاسلام نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو بھر پور طریقے سے چیلنج کیا جس کی پاداش میں انہیں بھارتی غیض وغضب کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے 1974سے 1984تک کئی بار جیل کی صعوبتیں برداشت کیں۔ بھارتی فورسز نے انہیں بھارت مخالف موقف اور سرگرمیوں پر ظلم و ستم کانشانہ بنایا۔ محمود احمد ساغر نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام نے کشمیر میڈیاسروس کو ایک انتہائی فعال اور باوقار ادارہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دیگر مقررین نے شیخ تجمل الاسلام کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم تحریک آزادی کشمیر کا ایک قیمتی اثاثہ تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کیلئے وقف کررکھی تھی ۔انہوں نے کہاکہ شیخ تجمل الاسلام نے کشمیر کاز کیلئے سیاسی، سفارتی اور صحافتی محاذوں پر گرانقدر خدمات انجام دیں، وہ ایک حقیقی دانشور، مفکر اور ادیب تھے ۔ مقرین نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام تنازعہ کشمیرسے متعلق حقائق کے حوالے سے ایک سند کی حیثیت رکھتے تھے ۔ریفرنس کے اختتام پر شیخ تجمل الاسلام اور تمام شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ تعزیتی ریفرنس میں شرکت کرنے والوں میں محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، میر طاہر مسعود، شیخ عبدالمتین،شیخ محمد یعقوب،نثار مرزا، امتیاز وانی، سید اعجاز رحمانی، زاہد صفی، حاجی سلطان بٹ، خادم حسین، سید مشتاق، زاہد اشرف، مشتاق احمدبٹ،سلیم ہارون، خورشید احمد میر، عبدالمجید، میاں مظفر،گلشن احمد، شیخ عبدالمجید، رئیس احمد میر، شبیر احمد، محمد اشرف وانی ،اقبال بلوچ، آصف محمود، قاضی عمران، عطا اللہ اور دیگر شامل تھے۔ ریفرنس کی نظامت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما انجینئر مشتاق محمود نے کی۔ جموںوکشمیر سیلف ڈٹرمینیشن مومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجات حسین نے بطور مہمان خصوصی پروگرام میں شرکت کی۔
دریں اثنا کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے ایک بیان میں شیخ تجمل الاسلام کو دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جدوجہد آزادی کے علمبرداروں میں سے ایک تھے جنہوں نے سیاسی، سفارتی اور صحافتی محاذوں پر کام کرتے ہوئے عظیم مقصد کے لیے اپنی خدمات انتہائی احسن طریقے سے انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنے پیچھے ایک ایسی میراث چھوڑی ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہو گی۔الطاف حسین وانی نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام کے انتقال سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے جسے آسانی سے پر نہیں کیا جا سکتا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button