جنیوامقبوضہ جموں و کشمیر

او آئی سی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے حل کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی،نسیمہ بگلی

 

WhatsApp Image 2023-09-16 at 11.55.58 AMجنیوا16ستمبر ( کے ایم ایس )
جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی مستقل نمائندہ نسیمہ بگلی Nassima Baghliنے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی حمایت کا اعاد ہ کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اس حوالے سے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
نسیمہ بگلی نے ان خیالات کا اظہار جینوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے54ویں اجلاس میں شرکت کے لیے موجود کشمیری وفد کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ او آئی سی کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھی گی اور اس مسئلے کے حوالے سے بیداری پید اکرنے کیلئے اپنی تمام کوششیں برائے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے مستقل انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دینے اور اس حوالے سے رپورٹ جاری کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔انہوںنے کہا کہ کمیشن اس سلسلے میںاپنا کام بخوبی انجام دیتا رہے گا۔
کشمیری وفد کی قیادت الطاف حسین وانی کر رہے تھے۔ انہوں نے نسیمہ بگلی کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی تازہ ترین سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی اور ریاستی دہشت گردی کے فوری خاتمے کے لیے او آئی سی تنظیم کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ او آئی سی علاقے میں انسانی حقوق کی مخدوش صورتحال کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے۔
کشمیری نمائندوں نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کی مسلسل حمایت پر او آئی سی اور تنظیم کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
وفد میں شامل دیگر افراد میں سید فیض نقشبندی، شمیم شال، سردار امجد یوسف، حسن البنا اور ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ شامل تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button