مقبوضہ جموں و کشمیر
کوکرناگ : ایک اور بھارتی فوجی کی لاش برآمد ،حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 5ہوگئی
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک اور بھارتی فوجی کی لاش ملی ہے جس سے بدھ کو بھارتی فورسز پرحملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 5ہو گئی ہے ۔
بدھ کو اسلام آبادمیں کوکرناگ کے علاقے گڈول میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بھارتی فوج کے کرنل،میجر اورڈی ایس پی پولیس ہلاک اورکم سے کم 5اہلکار شدید زخمی ہو گئے تھے ۔یہ حملہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کرنے والی بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم پر کیا گیاتھا۔جمعہ کو حملے میں زخمی ہونیوالا ایک اوربھارتی فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا ۔ اب حملے کے بعد سے لاپتہ ایک بھارتی فوجی اہلکار پردیپ کی لاش برآمد ہوئی ہے ،جس سے حملے سے ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 5ہو گئی ہے۔