پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر اپنا موقف پیش کرتے رہنا چاہیے،بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو
نیویارک 22ستمبر (کے ایم ایس )
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومتوں سے قطع نظر ہمیں مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر اپنا موقف پیش کرتے رہنا چاہیے، ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نگراں وزیراعظم نے نیویارک میں پی ٹی وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بنیادی نکات میں تنازعہ کشمیر پر پاکستان کے بنیادی موقف کو دنیا کے سامنے پیش کرنا شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے تنازعہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوئی بھی حکومت ہو اسے مسلسل کوشش کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیں اورانکی حوصلہ افزائی کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا فورم اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں تنازعہ کشمیرپر بات کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے کسی بھی اجلاس سے بالکل بھی غیر حاضر نہیں ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سکھ رہنما کو کینیڈا میں بھارتی ایجنٹوں نے جس طرح قتل کیا ہے بھارت نے بطور ریاست ایک انسانیت کا قتل کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس معاملے کو مختلف فورمز پر ضرور اٹھائیں گے اور اس کا مقصد ہندوتوا کے سیاسی ایجنڈے کی گھنائونی سازش سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کا یہ گھنائونا کھیل اس خطے اور دنیا کو جنگ کی آگ میں دھکیل سکتا ہے، ہم اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ جنرل اسمبلی کے علاوہ بھی جہاں ہمیں موقع ملے گا ہم یہ معاملہ اٹھاتے رہیں گے۔انوار کاکڑ نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ بھی ملاقات میں انہوں نے ہندوتوا شدت پسند نظریے اور سکھ رہنما کے قتل کامعاملہ اٹھایااور بلوچستان میں قتل و غارت گری میں بھارت براہ راست ملوث پایاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کلبھوش یادیو کی صورت میں ہمارے پاس ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں جسے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ہم بھارتی دہشت گردی کا نشانہ ہیں اور اب مغربی ممالک بھی نشانہ بن رہے ہیں، ہم مغربی ممالک کو اس خطرے سے آگاہ کریں گے ۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے پاکستان خود نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بخوبی نمٹ رہا ہے، دہشت گردوں کو کسی علاقے میں طویل عرصہ تک ٹھہرنے نہیں دیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی پاکستان قریبی رابطے میں ہیں، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے خطرہ ہے۔نگران وزیراعظم نے کہاکہ بھارت مغرب کی گود میں بیٹھ کر چین کے راستے کی رکاوٹ بننا چاہتا ہے۔