دنیافلسطین اور کشمیر میں قتل وغارت بند کرائے : شبیر شاہ
سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی کھلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں مزید خونریزی روکنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ دنیا اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی عوام کے قتل عام اور تباہی کا تماشا دیکھ رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور تباہی عالمی شعور کو جھنجھوڑ نے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کشمیر اور فلسطین کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں خطوں کے لوگوں نے نوآبادکاروں کے ہاتھوں بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے جو ان کی شناخت کو مٹانے پر تلے ہوئے ہیں۔ شبیر شاہ نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ خطے میں جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کا ادراک کرے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بااثر عالمی حکومتیں اسرائیل کی طرفداری کرنا بند کر دیں اور اس تنازعے کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کریں جس کی وجہ سے حالیہ برسوں میں ہزاروں جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کشمیر پربھی اپنی خاموشی ترک کرے جہاںبھارت کی نسل پرست حکومت اسرائیلی ماڈل پر عمل پیرا ہوکر لوگوں پر مظالم ڈھارہی ہے۔ شبیرشاہ نے کہا کہ فلسطینیوں کی طرح کشمیریوں کو بھی قتل اور ان کے گھروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حوالے سے اپنی بے حسی کی پالیسی ترک کرے اور عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرے کا باعث ان دیرینہ تنازعات کو حل کرنے کے لیے آگے آئے۔