برسلز: شہدائے جموں نے اپنے خون سے قربانی کی عظیم مثال قائم کی ہے ،علی رضا سید
برسلز :
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے شہدائے جموں کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں کے شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قربانی کی عظیم مثال قائم کی ہے۔
علی رضا سید نے برسلز سے جاری بیان میں کہاکہ ہم شہدائے جموں کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرکے کشمیریوں کی ہمت و حوصلے کو مزید مضبوط کیا۔ شہدائے کی یہ قربانیاں آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کشمیریوں کے لیے آج بھی مشعل راہ ہیں۔ علی رضا سید نے کہاکہ 1947کے جموں کے شہدا سے لے کر ابتک تمام شہدائے کشمیر نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی ہے۔انہوں نے کہاکہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تاریخ جذبہ ایثار اور عظیم قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں لیکن یہ مظالم غیور کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز کمزور نہیں کرسکتے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکے عوام آزادی کے عظیم مقصد کیلئے اپنی جدوجہد جاری کھنے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کے انسانیت سوز مظالم کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ علی رضا سید نے کہاکہ ہم بھارت کے اس ظالمانہ رویے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو انصاف ملنے تک اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ہم عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔