بجلی کی حد سے زیادہ کٹوتیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیر ٹریڈرز الائنس نے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جس سے لوگوں اور کاروبارپر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیر ٹریڈرز الائنس کے صدراعجاز شاہدار نے صورتحال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی یقین دہانیوں کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر میں زمینی حقائق کچھ اور ہی بتاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جیسے ہی موسم سرما شروع ہوتا ہے، وادی کو بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے وادی کشمیر میں زندگی مزید تنزلی کا شکار ہو گئی ہے۔ انہوں نے بجلی کی بے ترتیب دستیابی کی غیر معمولی نوعیت کو اجاگر کیا جس میں وولٹیج کا اتار چڑھائو اور طویل بندش روزمرہ کا معمول ہے۔اعجازشاہدارنے خاص طور پر تاجروں پر پڑنے والے منفی اثرات کو اجاگرکیا جنہیں بجلی کی ناقابل اعتماد فراہمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے زیادہ طلب اورکم رسد کی قابض انتظامیہ کی وضاحت کو مستردکرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔