جموں وکشمیر میں امن کی بحالی کے دعوے مضحکہ خیز ہیں: عمر عبداللہ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاہے کہ جموں و کشمیر میں کہیں بھی حالات معمول پر نہیں ہیں اور خطے میں امن کی بحالی کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے بانڈی پورہ کے علاقے سنبل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر میں کہیں بھی حالات معمول پر نہیں ہیں۔ اگر ہم راجوری کی بات کریں تو یہ ہمارے دور میں بالکل خاموش اور عسکریت پسندی سے پاک تھا۔ لیکن آج ہر طرف آئے دن جھڑپیں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ نارملسی کے دعوے کر رہے ہیں وہ نہ صرف خود کو بلکہ پورے ملک کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی خطے میں ہمارے وجود سے خوفزدہ ہے اور جمہوری عمل سے بھاگ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر میں بلدیاتی، پنچایتی اور اسمبلی انتخابات میں تاخیر کی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمرعبداللہ نے کہا کہ میں یہ دعوی نہیں کروں گا کہ ہر شخص نیشنل کانفرنس (NC) کے حق میں اپنا ووٹ ڈالے گا لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ سب کو قائل کیا جائے۔