کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے: ڈاکٹر فرحان چک
واشنگٹن ڈی سی: ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم (ڈبلیو کے اے ایف) اور کشمیر ڈائیسپورا کولیشن (کے ڈی سی) نے کشمیر امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن (کے اے ڈبلیو اے) کے تعاون سے واشنگٹن ڈی سی میں ڈاکٹر فرحان مجاہد چک کی کتاب ”نیوکلیئر فلیش پوائنٹ: وار اوور کشمیر“ کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈبلیو کے اے ایف کے صدر ڈاکٹر غلام نبی میر نے اس موقع پر کہا کہ ڈاکٹر چک کی کتاب نے بھارت کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے ۔
ڈبلیو کے اے ایف کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ یہ کتاب اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیریوں کی ہر نسل ایسے لوگ پیدا کرے گی جو جھوٹے بھارتی بیانیے کو چیلنج کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے کے لوگوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہیں۔ تقریب کے مرکزی منتظم سردار ظریف خان نے کہا کہ یہ تارکین وطن کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار دنیا کے سامنے بیان کریں اور جھوٹے بھارتی بیانے کا پول کھول دیں۔
سردار زبیر خان، شعیب ارشاد اور سردار آفتاب خان آف کاوا نے کتاب کی رونمائی کی اہم تقریب میں شرکت کیلئے وقت نکالنے پر حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
مصنف ڈاکٹر فرحان مجاہد چک نے کہا کہ جب سے مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت بھارت میں برسراقتدار آئی ہے اس نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی حکمرانی کے خلاف کسی بھی مخالفت کو منظم طریقے سے خاموش کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے میں تباہی مچا رہا ہے اور وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہا ہے، جس میں ظالم حکومت کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کا قتل اور غیر قانونی نظربندیاں شامل ہیں۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ بی جے پی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے بھارت بھر میں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں کے خلاف جاری ظالمانہ پالیسیوں کا نوٹس لے۔
کتاب کی رونمائی کی تقریب میں شریک دیگر افراد میں ڈاکٹر راشد پراچہ، سینیٹر اکبر خواجہ، ڈاکٹر مقصود چوہدری، ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی، کوثر جاوید، زاہد حسین، ڈاکٹر اے دھر، خرم شہزاد، یوسف چوہدری، رضوان مجیدی اور ثاقب شامل تھے۔