مغربی بنگال میں جنگل راج، بچیوں کی عصمت دری کے واقعات جاری ہیں
، ابھیشیک بنرجی کی بی جے پی کی ریاستی حکومت پر کڑی تنقید
کولکتہ:بھارت میں ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے مغربی بنگال میں خواتین کی عصمت دری اور بچیوں پر جنسی حملے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بی جے پی کی ریاستی حکومت پرکڑی تنقید کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ابھیشیک بنرجی نے ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاہے کہ پولیس مقابلوں میں ملزمان کی ہلاکتوں کے باوجود ریاست میں عصمت دری اور کم عمر بچیوں پر جنسی حملوں کے واقعات مسلسل جاری ہیں۔انہوںنے شمالی دیناج پور کے علاقے رائے گنج میں 12سالہ بچی کے اغوا، عصمت دری اور قتل کے مرکزی ملزم دلیپ رائے کی پولیس مقابلے میں ہلاکت پرردعمل ظاہر کرتے ہوے کہاکہ یہ جولائی سے مغربی بنگال میں کم عمر بچیوں کی عصمت دری اور قتل کے مقدمات میں ملزمان کی پولیس مقابلوں کے دوران ہلاکت کا تیسرا واقعہ ہے۔مسلسل پولیس مقابلوں کے باوجود عصمت دری کے واقعات نہیں رک رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ریاست میں بی جے پی کا جنگل راج جاری ہے۔ابھیشیک بنرجی نے جرائم کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا کہ حالیہ مہینوں میں خواتین کی عصمت دری کے ڈھائی ہزار سے زائد، قتل کے 600 اور سنگین جرائم کے 34ہزار سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ محض اعداد و شمار نہیں بلکہ تباہ حال زندگیاں، بکھرے خاندان اور امن و امان کی مکمل ناکامی کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی کوریاست میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کے ذمہ دار ہیں ۔
ابھی شیک بنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے حمایت یافتہ غنڈے سرعام پولیس اہلکاروں پر حملے کر رہے ہیں۔ وہ منتخب نمائندوں کی رہائش گاہوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ ریاست میں جرائم پیشہ عناصر کاراج ہے جبکہ انتظامیہ کی ناکامی واضح ہو چکی ہے۔









