مودی حکومت نے کشمیریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کیلئے خصوصی تحقیقاتی ادارہ قائم کردیا
سرینگر02نومبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی قابض انتظامیہ نے اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کیلئے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کے نام سے ایک خصوصی ادارہ قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ مذکورہ ادارہ بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ کشمیریوں خصوصا نوجوانوں کے خلاف مقدمات اور ان کی تحقیقات کاعمل تیز کیاجاسکے ۔حکم نامے کے مطابق اس میں بیان کردہ جرائم کی تحقیقات اور کشمیریوں کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے اس خصوصی تحقیقاتی ادارے کی آئین کے مطابق منظوری دی گئی ہے۔حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور تفتیش کیلئے پہلے ہی مقبوضہ علاقے میں 1977کے SRO-230 کے تحت سی آئی ڈی، سی آئی کے اور سی آئی ڈی، سی آئی جے جیسے ادارے قائم ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام پولیس اسٹیشنوں کے انچارج افسران عسکریت پسندی سے متعلق مقدمات کے اندراج پر فوری طور پر ایس آئی اے کو مطلع کریں گے جبکہ سی آئی ڈی ونگ کا سربراہ اس خصوصی تحقیقاتی ایجنسی کا ڈائریکٹر ہو گا۔