عالمی برادری کشمیر ، فلسطین تنازعات کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے، صدر مملکت کا سال نو پر پیغام
اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے جموں و کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر نے ایک پیغام میں پاکستانی قوم، امت مسلمہ اور عالمی برادری کو نئے سال( 2024 )کی مبارکباد دی۔
صدر نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہمیں فلسطین میں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو اسرائیلی افواج کے ہاتھوں وحشیانہ حملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور فلسطین میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے کام کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ” میں اس وقت بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ان لوگوں کو بھی یاد کر رہاہوں جنہیں قابض بھارتی فوجیوں کے مظالم اور طویل ترین محاصرے کا سامنا ہے ،یہ ضروری ہے کہ عالمی برادری عالمی امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ان دیرینہ تنازعات کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔