پاکستان

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے کرداراداکرے:صدرزرداری

اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے اور اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر مملکت نے کشمیریوں کے یوم ِسیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان حق ِخود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ27اکتوبر 1947جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے ۔ آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضے کے لیے فوج کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام بھارتی افواج کا وحشیانہ جبر برداشت کر رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کے سب سے زیاد فوجی جمائو والے علاقوں میں سے ایک میںتبدیل کر دیا ہے۔ اب تک ہزاروں بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں جبکہ کشمیریوں کی اصل قیادت پابند سلاسل ہے اور مقامی میڈیا کو بڑے پیمانے پر سنسر کیا جاتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بارہا منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کی توثیق کر چکی ہے۔ اس کے باوجود بھارت ان قراردادوں کی خلاف ورزی اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2019کے بعد بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اس کے آبادیاتی اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کی کوشش کی ہے۔ یہ اقدامات کشمیریوں کی تحریک ِآزادی کو دبانے اور بھارتی قبضے کو مضبوط کرنے کی ایک وسیع حکمت ِعملی کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں۔ ہم بھارت کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مشرق ِوسطی میں ہونے والی حالیہ پیش ِرفت اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ دیرینہ تنازعات کو حل طلب نہیں رہنا چاہئے۔ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں اور تنازعات کو نظر انداز کرنا دیرپا امن کی ضمانت نہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تین نسلیں عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی جانب سے ان کا حق ِخودارادیت دلانے کی منتظر ہیں۔ دنیا اب اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی۔صدر نے کہا کہ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت پر دبا ئوڈالے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، کشمیریوں کی مشکلات کو کم کرے اور اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حق ِخود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button