کشمیری بھارتی تسلط میں مصائب و مشکلات کی زندگی گزارنے پرمجبور
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگ گزشتہ کئی دہائیوں سے قابض بھارتی فوجیوںکے مظالم سہ رہے ہیںاور انکا دکھ درد انتہا کو پہنچ گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزادی کی حق پر مبنی جدوجہد میں مصروف کشمیریو ں کے خلاف فرقہ پرست مودی حکومت کی ظالمانہ پالیسی انتہا کو پہنچ گئی ہے اور کشمیری مصائب و مشکلات کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ بھارتی فوج نے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسیاں کشمیریوں کو تحریک آزادی سے وابستگی کی سزا دینے کیلئے ان کے گھروں ،زمینوں اور دیگر املاک کو ضبط کر رہی ہیں۔
بھارتی فوجیوں نے حال میںجموںخطے کے ضلع پونچھ میں کئی نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں تین نوجوان دم توڑ گئے ۔ قابض انتظامیہ نے پونچھ میں اپنے مظالم کی خبریں بیرونی دنیا تک پہنچنے سے روکنے کیلئے کئی روز تک علاقے میںموبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل بندرکھی۔
بھارت جموںوکشمیر کے متنازعہ خطے میں انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کو پاﺅں تلے روند رہا ہے ، مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں اپنا ہندو توا ایجنڈہ نافذ کرنے کے درپے ہے ، اس نے علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کا حق مکمل طور پر سلب کرر کھا ہے ، اس صورتحال میں عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔