مقبوضہ کشمیر :بھارت نے خصوصی بکتر بند گاڑیاں تعینات کر دیں
چنائی: نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے خصوصی بکتر بند گاڑیاں وادی کشمیر اور جموں میں تعینات کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چنائی کے آوادی آرڈیننس ڈپو میں مقامی طورپر تیار کردہ اسپیشل لائیٹ آرمڈوہیکلز کو وادی کشمیر اور جموں ریجن میں تعینات کرنے کیلئے بھجوایاگیا ہے ۔ یہ بکتر بند گاڑیاں بھارتی فوج کی شمالی کمان کے اہلکاروں کی مدد کے لیے بھیجی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کو حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرنے کے علاوہ اس نے مقبوضہ علاقے میں دس لاکھ سے زائد قابض فوج تعینات کر رکھی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر نہتے کشمیریوںکاقتل عام ، گرفتاریاں اور خواتین کی عصمت دری میں ملوث ہے ۔ تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام رہاہے۔