بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ لاہور کانفرنس میں شرکت کے خواہش مند
امرتسر : بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان نے لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھگونت مان کا کہنا ہے کہ انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا پارٹی انہیں پاکستان جانے کی اجازت دے گی؟
چوتھی بین الاقوامی پنجابی کانفرنس 27 سے 29 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگی۔بھگونت مان نے بھارتی پنجاب کی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ مجھے فرانس یا جاپان بھی نہیں جانے دیتے۔ وہ مجھے پاکستان کیسے جانے دیں گے؟ انہوں نے یہ بات نئی دہلی میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہی۔
اپنے سرکاری یوٹیوب چینل پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں بھگونت مان نے کہا کہ بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے متعدد شاعر کانفرنس میں شرکت کے لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں بھی جانا چاہتا ہوں، کیونکہ ہماری جڑیں ایک ہیں اور ہمارے مسائل بھی ملتے جلتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے پاکستانی پنجابی شاعر تجمل کلیم کے اشعار سنانے کے بعد کانفرنس کی دعوت کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی پنجابی شاعر بابا نجمی سے بات کی ہے اور انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد کے دونوں جانب کے لوگوں کی ثقافت مشترک ہے اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ میل جول رکھنا چاہیے۔
اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھواں نے جواب دیاکہاگر آپ کو اجازت مل جائے تو ہمیں بھی اپنے ساتھ لے جائیے گا۔اس پر ایوان میں موجود بعض دیگر ارکان نے بھی آواز بلند کرتے ہوئے اسپیکر کے بیان کی تائید کی۔بھگونت مان نے سکھوں کے لیے مقدس مقام کرتارپور راہداری کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
گزشتہ سال چار روزہ جنگ کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سفارتی رابطے محدود ہیں۔ بی بی سی کے مطابق دونوں ممالک کے سوشل میڈیا صارفین نے کشیدگی کے باوجود بھگونت مان کی اس خواہش کو خوش آئند قرار دیا ہے۔







