اوآئی سی کی طرف سے تنازعہ کشمیر کے پر امن اور منصفانہ حل پر زور
جدہ:
اسلامی تعاون تنظیم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کا اپنا مطالبہ دوہرایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین برہم طحہ نے ان خیالات کا اظہار جدہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق ایک تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام پاکستان کے مستقل مشن نے کیاتھا۔انہوں نے "یوم یکجہتی کشمیر” کے موقع پر پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے منعقدہ تقریب کی میزبانی کرنے پر او آئی سی کی طرف سے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کرکے تنازعہ کشمیر حل کرنے کے او آئی سی کے مطالبہ کا اعادہ کیا ۔ عالمی ادارے کی قراردادوں میں کشمیری عوام کوانکا حق خودارادیت دینے پر زور دیا گیا ہے۔ سکریٹری جنرل نے یاد دلایا کہ گذشتہ سال مارچ میں موریطانیہ کے شہرنواکشوٹ میں منعقدہ وزرائے خارجہ کی کونسل کے 49ویں اجلاس کے دوران کونسل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 5 اگست 2019 کو یا اس کے بعد کئے گئے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات منسوخ کرے ۔ اجلاس میں بھارت پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کو روکنے اور بین الاقوامی میڈیا اور آزاد مبصرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کے لیے رسائی دینے پر بھی زودیاگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کرتنازعہ کشمیر کا ایک پرامن اور منصفانہ حل تلاش کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ KMS-25/Y