تنازعہ کشمیر جنوبی ایشیائی خطے کے امن و استحکام کو درپیش اہم ترین چیلنج ہے ، سعودی وزیر خارجہ
نیویارک 21ستمبر (کے ایم ایس)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ جنوبی ایشیاء کے خطے کے امن و استحکام کو درپیش اہم ترین چیلنجوں میں سے ایک ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سیشن کے موقع پراسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں وکشمیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاکہ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اس کا اثر خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل اور مقبوضہ علاقے میں حالات کو پرسکون بنانے ور کشیدگی کم کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں کے درمیان ثالثی کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔شہزادہ فرحان نے کہاکہ سعودی عرب اسلامی تشخص اور اپنے وقار کے تحفظ کے لیے کوشاں مسلم اقوام کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب شورش زدہ اور متنازعہ علاقوں میں متاثرہ اقوام کی مدد پر کمر بستہ ہے اور متاثرہ اقوام میں جموں و کشمیر کے عوام بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اس کا اثر خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب یہ کوششیں مسلم اقوام کی حمایت سے متعلق اپنے غیر متزلزل موقف کی بنیاد پر کر رہا ہے۔اجلاس میں سیکریٹری کثیر فریقی بین الاقوامی امور ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی شریک تھے۔