شہید افضل گورو ،شہید مقبول بٹ کی برسیوں کے موقع پر مظفرآباد میں دعائیہ مجلس کا اہتمام
مظفر آباد: شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کی برسیوں کے موقع پر مظفرآباد میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام قرآن خوانی اوردعائیہ مجلس منعقد ہوئی جس میںشہدا ء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا اوران کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈہیومن رائٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام نے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبو ل بٹ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ شہدائے کشمیر نے اپنی جانیں دے کر تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہے اوران کے مشن کوہرقیمت پر جاری رکھاجائے گا۔دیگرمقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اوربھارت نے مقبوضہ علاقے کوعملاًایک جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور بھارتی مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریت میں حریت رہنما چوہدری شاہین اقبال،عثمان علی ہاشم، اشفاق مجید،پیرزادہ محمد سلطان ، محمد احمد شاہ،راجہ محمد اسلم،سول سوسائٹی کے ارکان اور طلباء سمیت لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔