مقبوضہ جموں وکشمیرمیں پوسٹرچسپاں،پاک فوج کو خراج تحسین

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں آپریشن بنیان المرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اورپاکستان کے قومی پرچم کی تصاویر والے پوسٹر مختلف علاقوں میں لگائے گئے جن میں یہ پیغام درج تھا کہ” بھارت کشمیر پر اپنا قبضہ ختم کرے“۔پوسٹروں میں کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر پاکستان کانا قابل تنسیخ حصہ ہے۔پوسٹروں میں لکھاتھا کہ ہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ان کی جرات، قیادت اور تنازعہ کشمیر پر ان کے واضح اور مضبوط موقف پر سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم اپنے برادر ملک پاکستان کو یاد دلاتے ہیں کہ ہمیں بھارتی قبضے اور جبر سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ہم پاکستان کے ساتھ بے پناہ محبت کرتے ہیںاور کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔پوسٹروں میں کشمیر کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیر شاہ ہمدان (رح) اور شہداءکی سرزمین ہے، اور دو قومی نظریہ برصغیر پاک و ہند کی ایک تاریخی حقیقت ہے۔
اس سے قبل کشمیریوں کی طرف سے گزشتہ سال مئی کی یاد میں سوشل میڈیا پر ویڈیوز پوسٹ کی گئیںجب پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے بھارت کو فوری اور منہ توڑ جواب دیا تھا۔ اپنے پیغامات میں کشمیریوں نے اس بات پر زور دیا کہ معرکہ حق کے بعد تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملی ۔





