تمل ناڈو:این آئی اے چھاپوں، تلاشی کی کارروائیوں سے سیاسی مخالفین کو ہراساں کررہی ہے
چنائی: بھارتی ریاست تمل ناڈو کے رکن اسمبلی اور مانیتھنیا مکل کچی کے صدر ایم ایچ جواہر اللہ نے کہا ہے کہ بھارت کا بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارہ این آئی اے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا انتخابات سے قبل ریاست تمل کے مختلف علاقوں میں غیر ضروری چھاپے اور تلاشی کی کارروائیوں کے ذریعے سیاسی مخالفیں کو ہراساں کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تمل ناڈو کی ریاستی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم ایل اے جواہر اللہ نے این آئی اے کی طرف سے سیاسی مخالفیں کو ہراساں کرنے کیلئے کی جانیوالی گرفتاریوں پر سخت تشویش کو اظہار کیا۔انہوں نے سیاسی مخالفیں کو خاموش کرنے کیلئے این آئی اے کی غیر ضروری کارروائیوں کو ختم کرنے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ این آئی اے کی طرف سے قائم کئے گئے جھوٹے مقدمات میں عدالتوں کی طرف سے سنائی گئی سزائوں کی شرح صرف ایک فیصد ہے ۔جواہر اللہ نے ریاست میں اقلیتوں کو درپیش مسائل کواجاگر کرتے ہوئے کہاکہ تمل ناڈو میں مساجد کی تعمیر پر پابندی عائد ہے اور ریاستی حکومت کو اس طرح کی پابندیوںکو ختم کرناچاہیے۔