محمود ساغر کاڈاکٹر فاروق عشائی کوان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے ڈاکٹر فاروق احمد عشائی کو ان کے یوم شہادت پرزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مادروطن کے ان عظیم بیٹوں میں سے ایک تھے جنہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے18فروری 1993کو پروفیسر فاروق عشائی کو گولیاں مارکرشہید کردیاتھا۔محمود ساغر نے ایک بیان میں کہاکہ اکتیس برس گزرجانے کے باوجود ان کی یادیں ابھی تک تازہ ہیں۔پروفیسر عشائی شہادت کے وقت میڈیکل کالج سرینگرمیںآرتھوپیڈکس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ تھے۔کشمیر میں آرتھوپیڈکس کے بانی سمجھے جانے والے پروفیسر عشائی اکثر غیر ملکی صحافیوں اور انسانی حقوق کے نمائندوں سے ملتے تھے۔ انہوں نے 90کی دہائی کے اوائل میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی گولیوں سے زخمی ہونے والے شہریوں کے ترجمان کے طور پر کام کیا۔ محمود ساغر نے کہا کہ بھارتی فورسز نے ڈاکٹرعشائی کو جس سفاکانہ طریقے سے شہید کیا وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔