قصورواروں کو سزا دو، کشمیری مسلمانوں کو نہیں:عمر عبداللہ کا مودی اور امیت شاہ سے مطالبہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور اس کی افواج کو دہلی دھماکے کے بعد عام کشمیری مسلمانوں کو نشانہ بنانے سے خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صرف مجرموں کو سزا ملتی چاہیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں نوگام پولیس اسٹیشن دھماکے کے متاثرین کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حیدرآباد میں 32ویں شمالی زونل کونسل کے اجلاس میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ، سیکرٹری داخلہ، شمالی بھارت کی ریاستوں کے وزرائے اعلی ،گورنرزاورلیفٹیننٹ گورنرز نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بے گناہ لوگوں کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ذمہ داروں کو سزا دیں، لیکن پوری آبادی کو قصوروار نہ ٹھہرائیں۔انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کی حرکتیں لاکھوں لوگوں کی توہین کا جواز نہیں بن سکتیں۔انہوں نے نوگام پولیس سٹیشن دھماکے کو جس میں پانچ پولیس اہلکاروں اور چار شہریوں سمیت نو افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوئے تھے، انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ عمرعبداللہ نے اس بات کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا کہ دھماکہ خیز مواد کو کیسے ذخیرہ اور ہینڈل کیا گیا۔کشمیری سول سوسائٹی اور سیاسی حلقوں نے بھی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی آڑ میںعام کشمیریوں کونشانہ بنانے اور ہراساں کرنے پر بار بار تشویش کا اظہار کیا ہے۔








