بھارت :ہریانہ میں سیاستدان ساتھی سمیت قتل
نئی دہلی: بھارتی ریاست ہریانہ میں انڈین نیشنل لوک دل کے صدر اور دو بار رکن اسمبلی رہنے والے 66 سالہ نافے سنگھ راٹھی اور ان کے ساتھی کو گولیاں مارکر قتل کردیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کار میں سوارنامعلوم حملہ آوروں نے بہادر گڑھ قصبے میں باراہی لیول کراسنگ کے قریب نافی سنگھ راٹھی اور ان کے ساتھی جے کشن کو دن دہاڑے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ انڈین نیشنل لوک دل کے رہنما ابھے چوٹالہ نے کہا کہ ریاستی حکومت راٹھی کی جان کو خطرہ ہونے کے باوجود سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھتر اور وزیر داخلہ انل وج کے استعفی کا بھی مطالبہ کیا۔ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر ہوڈا نے نافے سنگھ راٹھی کے قتل پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔کانگریس کی سابق رکن پارلیمنٹ کماری سیلجا نے بھی راٹھی کی موت پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے ریاست میں جنگل راج قائم کر دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی ہریانہ کے نائب صدر انوراگ ڈھانڈا نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و امان مکمل طور پر تباہہو چکا ہے۔